ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / انسانی اسمگلنگ سے متعلق بل قائمہ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ

انسانی اسمگلنگ سے متعلق بل قائمہ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ

Fri, 27 Jul 2018 00:36:15    S.O. News Service

نئی دہلی :26/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں نے انسانی اسمگلنگ روکنے اور اس سے متاثرہ لوگوں کی باز آبادکاری سے متعلق انسانی اسمگلنگ ( انسداد ، تحفظ اور باز آبادکاری)بل، 2018کو اہم اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بل میں بہت خامیاں ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے اسے مستقل کمیٹی کو بھیجا جانا چاہیے۔ کانگریس کے ششی تھرور نے بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم بل ہے اور افراد بالخصوص عورتوں اور بچوں کی اسمگلنگ اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنے کے لئے اس طرح کے قانون کی اشد ضرورت ہے۔ یہ بل منظور ہونے کے بعد ہندوستان جنوبی ایشیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جہاں اس طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بل کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں اسمگلنگ کے شکار ہونے والے لوگوں کے لئے راحت اور بازآبادکاری کی بات کی گئی ہے، لیکن اس کے لئے محض دس کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ حکومت کروڑوں روپے اشتہارات پر خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل میں بہت ساری خامیاں ہیں اور اسے اقوام متحدہ کے معیار کے مطابق تیار ہونا چاہئے۔ 


Share: